اسلام آباد (آن لائن) گلوبل اکنامک گیلپ سروے کی تازہ رپورٹ میں پاکستان نے اقتصادی اْمید اور امن کے حوالے سے بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمایاں برتری حاصل کر لی ہے۔ 60 ممالک میں کیے گئے اس عالمی سروے کے مطابق پاکستان نہ صرف بھارت بلکہ عالمی اوسط سے بھی بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، جو بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باوجود پاکستانی عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مثبت سوچ کا واضح ثبوت ہے۔سروے کے مطابق 2026 کے آغاز پر پاکستان میں مجموعی طور پر امید کی سطح بلند رہی، جہاں 51 فیصد پاکستانی آنے والے سال کے بارے میں پْرامید نظر آئے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 31 فیصد کا نیٹ مثبت رجحان بنتا ہے، جو عالمی سطح پر ایک حوصلہ افزا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
اقتصادی حوالے سے 53 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کو خوشحالی کا سال قرار دیا، جبکہ بھارت میں یہی شرح 39 فیصد رہی، جو پاکستان سے خاصی کم ہے۔ یہ شرح عالمی اوسط 24 فیصد سے بھی نمایاں طور پر زیادہ ہے۔امن کے حوالے سے بھی پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ سروے کے مطابق 52 فیصد پاکستانیوں کو اْمید ہے کہ دنیا میں امن میں اضافہ ہوگا، جبکہ بھارت میں امن کے بارے میں پْرامید افراد کی شرح صرف 26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گیلپ کے مطابق پاکستان میں امید کی یہ سطح 1994 کے بعد بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے، جبکہ اس نوعیت کا رجحان ماضی میں 1990 کی دہائی کے آخر اور 2010 کی دہائی کے وسط میں بھی دیکھا گیا تھا
۔گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے مطابق پاکستان نے عالمی سطح پر تین اہم پیمانوں مجموعی امید، اقتصادی خوشحالی اور امن کی توقع میں اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی، جن میں سے دو پیمانوں میں پاکستان نے بھارت پر واضح سبقت حاصل کی ہے۔سروے کے نتائج کے مطابق غیر یقینی عالمی ماحول، اقتصادی دباوٴ اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز کے باوجود پاکستانی عوام 2026 کے حوالے سے پْراعتماد اور پْرامید ہیں۔ ماہرین کے نزدیک یہ رجحان نہ صرف پاکستان کی بدلتی ہوئی اقتصادی اور سماجی فضا کی عکاسی کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں ایک نسبتاً مثبت تصویر بھی پیش کرتا ہے۔
Comments are closed.