اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 446 پارلیمنٹیرینز اور صوبائی اراکین کی رکنیت معطل ہونے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 446 پارلیمنٹیرینز اور اراکین صوبائی اسمبلیوں نے تاحال اپنے اور زیرِ کفالت افراد کے مالی سال 2024-25 کے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ مدت میں گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں ان اراکین کی رکنیت 16 جنوری 2026 سے معطل کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انتخابی قانون 2017 کی شق 137 کے تحت اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ہر سال 31 دسمبر تک اپنے اور زیرِ کفالت افراد کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔ قانون کے تحت ایسے اراکین کو 15 جنوری تک اضافی مہلت دی جاتی ہے، تاہم مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ ہونے کی صورت میں رکنیت خود بخود معطل ہو جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جن اراکین نے تاحال گوشوارے جمع نہیں کرائے ان میں سینیٹ کے 26، قومی اسمبلی کے 125، پنجاب اسمبلی کے 159، سندھ اسمبلی کے 62، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 48 اور بلوچستان اسمبلی کے 26 اراکین شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے پر معطل شدہ رکنیت بحال کر دی جاتی ہے، تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد قانونی کارروائی ناگزیر ہو گی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اراکین کو یاددہانی نوٹسز جاری کر دیے ہیں تاکہ شفافیت اور قانونی تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.