شنگھائی شہر تیز ترین ترقی میں اپنی مثال آپ ہے اور اس کی ترقی ہر شہر کے لیے قابلِ تقلید ہے،وزیرداخلہ

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے چین کے شہر شنگھائی میں اربن پلاننگ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں دنیا کے جدید ترین شہری منصوبہ بندی کے ماڈلز، تیز رفتار ترقیاتی نظام اور شہری سہولتوں کے مربوط ڈھانچے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے شنگھائی کی بے مثال ترقی کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔شنگھائی اربن پلاننگ کی سربراہ میڈم چن نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو شنگھائی شہر کی ماسٹر پلاننگ، ڈویلپمنٹ اسٹریٹجی اور شہری سہولتوں کے جامع نظام پر بریفنگ دی گئی۔ وڈیوز اور جدید ماڈلز کے ذریعے شنگھائی کے ترقیاتی سفر، ماسٹر پلان اور انفراسٹرکچر کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔محسن نقوی نے شنگھائی میں شہری سہولتوں کے ساتھ تیز رفتار ترقی کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیٹا انٹیگریشن سسٹم کو سراہا، جس کے تحت شہر سے متعلق تمام معلومات ایک جدید اور فول پروف نظام میں یکجا کی گئی ہیں۔ انہوں نے جدید سہولتوں سے آراستہ اسٹیڈیم کے ماڈل کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شنگھائی شہر تیز ترین ترقی میں اپنی مثال آپ ہے اور اس کی ترقی ہر شہر کے لیے قابلِ تقلید ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شنگھائی کی تیز رفتار ترقی سے استفادہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ اسلام آباد کو بھی جدید شہری منصوبہ بندی کے مطابق ترقی دی جا سکے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورے کے اختتام پر وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔

Comments are closed.