گوادر (آن لائن) وفاقی وزیرترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے گوادر بندرگاہ کی صنعتی اور تجارتی ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر تیزی سے پاکستان کو عالمی تجارتی نظام سے جوڑنے والا ایک اسٹریٹجک راستہ بن رہا ہے۔حکومت گوادر کو جدید ساحلی شہر میں تبدیل کرنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ گوادر کی صنعتی، تجارتی اور شہری ترقی کو فروغ دینے کے لیے سیمینار اور ایگزیبیشن“گوادر جدید ساحلی شہر 2026 کا انعقاد کیا گیا،
جس میں گوادر کو عالمی تجارتی نظام سے جوڑنے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ڈاکٹر احسن اقبال سیمینار کے مہمانِ خصوصی تھے۔سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے گوادر بندرگاہ کی صنعتی اور تجارتی ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر تیزی سے پاکستان کو عالمی تجارتی نظام سے جوڑنے والا ایک اسٹریٹجک راستہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر کو جدید ساحلی شہر میں تبدیل کرنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔سیمینار میں پالیسی سازی، سرمایہ کاری، سکیورٹی، لاجسٹکس اور پائیدار ترقی سے متعلق مختلف پہلووٴں پر تفصیلی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، پالیسی سازوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر علاقائی تجارت، بندرگاہی معیشت اور عالمی رابطہ کاری کا ایک اسٹریٹجک مرکز بن رہا ہے، جو خطے کی اقتصادی صورتِ حال کو تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمٰن رانا نے گوادر کے سیاحتی امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ساحلی سیاحت گوادر کی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ڈاکٹر محمد جمیل احمد نے کہا کہ گوادر پورٹ علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کا ایک بڑا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ ڈاکٹر حسن داوٴد بٹ نے گوادر کے صنعتی امکانات اور اسپیشل اکنامک زونز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ڈِین نسٹ یونیورسٹی ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔سیمینار کے شرکاء نے گوادر سیمینار 2026 کو قومی معاشی ترقی، علاقائی رابطہ کاری اور پاکستان کے عالمی تجارتی کردار کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
Comments are closed.