یو اے ای نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کا قرض ایک ماہ کیلئے رول اوور کر دیا

اسلام آباد (آن لائن) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے قرض کو صرف ایک ماہ کیلئے رول اوور کر دیا ہے، جبکہ حکومتِ پاکستان نے اس قرض کو ایک سال کیلئے مزید توسیع دینے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ عارضی توسیع جنوری میں مکمل ہونے والی قرض میچورٹی کے بعد فروری تک دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے پاکستان میں مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے پاس بطور سیف ڈپازٹ موجود ہیں۔ ان میں سے ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی میں میچور ہونے جا رہی ہے،

جس کے رول اوور کی توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق آئی ایم ایف قرض پروگرام کے دوران پاکستان کو دوست ممالک کی جانب سے قرض اور سیف ڈپازٹس کے رول اوور کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جس میں یو اے ای بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای کے قرض پر شرح سود 6.5 فیصد سے زائد ہونے کا امکان ہے۔وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی جانب سے یو اے ای حکام سے قرض رول اوور کے معاملے پر مسلسل رابطہ اور بات چیت جاری ہے۔

حکومت رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرض اور سیف ڈپازٹس رول اوور کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت چین، سعودی عرب اور یو اے ای سے حاصل کردہ سیف ڈپازٹس کو بھی برقرار رکھنے اور مزید توسیع دینے پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھا جا سکے۔

Comments are closed.