3وفاقی وزراء کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات،قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کی تعریف

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزراء سالک حسین‘ خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی نے قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہاہے اور تینوں رہنماوٴں نے دو ٹوک اعلان کیاہے کہ ہماری جماعتیں پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑی رہیں گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے تین سیاسی جماعتوں مسلم لیگ قائد اعظم ‘ ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفاقی وزرا نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفاقی وزرا میں مسلم لیگ قائد اعظم کے چوہدری سالک حسین‘ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی شامل تھے۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور داخلی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزرا ء نے ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے تینوں جماعتوں کے رہنماوٴں کو کے پی کے اور بلوچستان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے تینوں وفاقی وزرا کو قیام امن کیلئے کئے جانے والے اقدامات بارے بھی بتایا۔ سالک حسین‘ خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی نے قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا اور تینوں رہنماوٴں نے دو ٹوک اعلان کیا کہ ہماری جماعتیں پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑا رہیں گی۔ وفاقی وزرانے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ چاروں وفاقی وزرا نے قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی دلیرانہ کارروائیوں کو خراج تحسین اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

Comments are closed.