اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم اسلام آباد مذاکرات کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں، ایسے میں اپنے برادر ممالک عوامی جمہوریہ چین، مملکتِ سعودی عرب، جمہوریہ ترکیہ، عرب جمہوریہ مصر اور ریاستِ قطر کا نہایت مخلصانہ اور دلی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے جنگ بندی کے حصول میں گراں قدر اور بھرپور تعاون فراہم کیا اور پرامن سفارتی کوششوں کو ایک جامع اور حتمی حل کی جانب آگے بڑھنے کا موقع دیا۔
میں خلیج تعاون کونسل کے برادر ممالک کا بھی تہہ دل سے معترف ہوں، جن کی مسلسل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پختہ عزم ہماری کوششوں کے لیے نہایت اہم رہا ہے۔ہمارے تمام برادر ممالک اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کی قیادت نے امن کو ایک موقع فراہم کرنے کے لیے غیر معمولی بصیرت، دانائی اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔میں دنیا بھر میں اپنے تمام شراکت داروں اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا اور ان کا اعتراف کیا۔آئیے ہم سب مل کر خطے اور اس سے باہر پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔