نگراں وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺپر حاضری:انوار الحق کاکڑ نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور دعائیں مانگیں
مدینہ منورہ ( آن لائن ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ مسجد نبویﷺ گئے جہاں انہوں نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور دعائیں مانگیں۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ مسجد نبوی پہنچے تو انتظامیہ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر سلطان بن منیع اللہ المطیری، مسجد نبوی سکیورٹی فورس کے کمانڈر کرنل متعب بن نعیمان البدرانی اور دیگر عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا، نگران وزیراعظم نے مسجد نبوی سے ملحقہ عالمی میلے اور سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب سے متعلقہ عجائب گھرکا بھی دورہ کیا،
اس موقع پر میوزیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکرٹری ڈاکٹر ناصر مسفیر الزہرانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم کو دورہ کے موقع پر تاریخی عجائب گھرکے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی جس میں نبی آخرالزمان کی زندگی اورتعلیمات کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب کو بھی اجاگرکیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے میوزیم کو سراہتے ہوئے اسلامی ورثے کے تحفظ اوراسے نمایاں کرنے کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا، ڈاکٹر ناصرمسفیر الزہرانی نے وزیراعظم کوشیلڈ اور کتابیں پیش کیں جو پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسلامی ورثے اور باہمی افہام وتفہیم کے فروغ کے رشتے کی علامت ہے، مدینہ منورہ میں عالمی میلہ اور میوزیم پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺکی زندگی اوراسلامی تہذیب نمایاں کرنے کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
Comments are closed.