بلوچستان: 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم ( پیر ) سے شروع ہو گی
کوئٹہ ( آن لائن ) بلوچستان بھر میں انسدادِ پولیو مہم ( پیر ) سے شروع ہو گی جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر سید زاہد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 24 لاکھ 44 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مہم کے دوران 10 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں 8 ہزار 589 موبائل ٹیمیں، 925 فکسڈ سائٹن اور 547 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔سید زاہد شاہ نے بتایا کہ مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، پولیو کو ہرانے اور اس سے جان چھڑانے کی جنگ میں والدین، علمائے کرام، سیاسی حلقوں، قبائلی عمائدین، انتظامیہ اور میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، ان کی مثبت سوچ اور رویوں کی مدد سے پولیو مہم کامیابی سے ہم کنار ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک سمیت دنیا بھر میں اس ویکسین کے ذریعے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا گیا ہے،
لہٰذا بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ہر مہم کے دوران قطرے پلانے میں کو ئی حرج نہیں ہے بلکہ اس سے بچوں میں بیماری کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہوتی ہے۔سید زاہد شاہ نے بتایا ہے کہ 27 جنوری 2021ء سے اب تک صوبے بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو ایک بڑی کامیابی ہے اور اس کا سہرا ان تمام فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو جاتا ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود اپ کے گھروں پر دستک دیتے ہیں اور بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلاتے ہیں۔
Comments are closed.