شاداب خان نے خراب فیلڈنگ کا ذمہ دار حیدرآبادی بریانی کو ٹھہرا دیا

لاہور (آن لائن) پاکستان کے آل راونڈر شاداب خان نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 وارم اپ گیمز کے دوران خراب فیلڈنگ کے لیے ‘حیدرآبادی بریانی’ کو مورد الزام ٹھہرایا۔ پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ آسٹریلیا سے 14 رنز سے ہار گیا کیونکہ وہ 352 رنز کے تعاقب میں ناکام ہو گیا تھا۔اسے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

منگل کو آسٹریلیا کے خلاف کھیل کے بعد بات کرتے ہوئے، شاداب خان، جنہوں نے باقاعدہ کپتان بابر اعظم کی بجائے ٹیم کی قیادت کی، کہا کہ ٹیم حیدرآباد میں اپنے وقت سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ انہوں نے دونوں وارم اپ گیمز کے مثبت پہلووں پر بھی روشنی ڈالی۔شاداب خان کا کہنا تھا کہ "نتیجہ اہم نہیں ہے۔ہم نے بہت زیادہ مثبت سبق لیے، ہمارا رویہ اچھا تھا، نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ میرے خیال میں ہم نے پلیئنگ الیون کو ترتیب دیا گیا ہے، ہم صرف بینچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے وقت دینا چاہتے تھے۔ جب آپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ کو اعتماد ملتا ہے، ہمیں حیدرآباد میں کنڈیشنز کا تھوڑا سا تجربہ ملا ہے۔”

حیدرآبادی بریانی کے بارے میں پوچھے جانے پر شاداب خان نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ "ہم روزانہ بریانی کھا رہے ہیں اور شاید اسی لیے ہماری فیلڈنگ بھی خراب جارہی ہے”۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 27 ستمبر کو دبئی سے بھارت کے شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری تھی۔ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو ہالینڈ کے خلاف کرے گا۔

Comments are closed.