سانحہ نو مئی کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہی تھا

مقصد آرمی چیف کو ہٹانا تھا ۔۔عمران خان کے قریبی ساتھی عثمان ڈار کے انکشافات

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نےپی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف اور سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عثمان ڈار نے پارٹی چیئرمین کے خلاف چارج شیٹ پیش کردی، ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی حملوں کا مقصد فوج پر دبائوڈال کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا۔

پی ٹی آئی کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی خود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی رکوانے کے لیے کیا گیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ ایک دن میں رونما نہیں ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست مخالف بیانیے کو سپورٹ کیا۔

جس طرح اداروں پر حملے ہوئے اس کے بعد پی ٹی آئی کی بنیادیں ہل گئیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہیومن شیلڈ کو استعمال کیا، ہماری مرکزی حکومت ختم ہونے کے بعد دو گروپ بن گئے تھے، ایک گروپ میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، فرخ حبیب تھے، یہ گروپ ٹکرائو کی سیاست پر یقین رکھتا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک میں ہوئی، پی ٹی آئی کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی خود ہیں۔ عثمان ڈار نے مزید کہا کہ اسد عمر، عمر ایوب، علی محمد خان، شفقت محمود اور میں فوج کے ساتھ مفاہمت کی بات کرتے تھے، 9 مئی ایک شرمناک سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

Comments are closed.