نواز شریف وطن واپس انتقام لینے کیلئے نہیں بلکہ ملک کو خوشحال کرنے آ رہا ہے، شہباز شریف
لاہور ( آن لائن ) مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہا ہے اور نواز شریف وطن واپس انتقام لینے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کو دوبارہ خوشحال کرنے کے لیے آ رہا ہے۔ لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے زمانے میں آٹا 35 روپے کلو تھا اور چینی 52 روپے کلو تھی اور پاکستان میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں، اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شبانہ روز محنت کی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور اسی وجہ سے 2018 کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو خالی اقتدار سے علیحدہ نہیں کیا گیا بلکہ آپ کو، آپ کے بچوں کو تعلیم سے، علاج سے اور ترقی اور خوشحالی سے محروم کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس مہینے کی 21 تاریخ کو واپس پاکستان آ رہا ہے، یہ ترقی کا سفر جو اس نے 2018 میں چھوڑا تھا بلکہ جو ترقی کا سفر ختم کروایا گیا تھا دراصل آپ کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ختم کیا گیا تھا، نواز شریف اس سفر کو دوبارہ شروع کرنے آ رہا ہے۔مسلم لیگ(ن) کے صدر نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس انتقام لینے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کو دوبارہ خوشحال کرنے، ترقی کے دور دوبارہ چلانے اور ہندوستان سے پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے واپس آ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جن اداروں نے نواز شریف کے ساتھ ظلم و زیادتی کی ان کا آپ کو اچھی طرح علم ہے لیکن فیصلہ یہ کرنا ہے کہ آگے انتقام لینا ہے یا یتیموں اور غریبوں کی خدمت کرنی ہے اور میرا آپ سے وعدہ ہے کہ میں نواز شریف کے ساتھ اپنی جان لڑاوٴں گا۔
Comments are closed.