الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد ( آن لائن ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں نگراں وفاقی وزراء کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی، درخواست گزار سید عزیزالدین کا کا خیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تو چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ’گزشتہ سماعت پر آپ پیش نہیں ہوئے تھے‘، اس پر سید عزیزالدین کا کا خیل نے جواب دیا کہ ’میں تھوڑا لیٹ ہو گیا تھا اس پر معذرت چاہتا ہوں۔سماعت کو آگے بڑھاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ’حکومت کی طرف سے الیکشن میں کون نمائندگی کررہا ہے‘، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ’میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کررہا ہوں‘، اپنے دلائل کے باقاعدہ آغاز کے ساتھ درخواست گزار نے موٴقف پیش کیا کہ ’گزشتہ حکومت میں فواد حسن فواد اور احد چیمہ اہم پوسٹوں پر فائز تھے، احد چیمہ کو معاون خصوصی سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے‘، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ’آپ کے پاس کیا شواہد ہیں کہ ان کی سیاسی وابستگی ثابت ہوسکے؟‘ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ ’وزیراعظم بھی سیاسی وابستگی رکھتے ہیں اور نگران مشیر احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم عہدے پر تھے‘، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Comments are closed.