سانحہ 9مئی : انسداد دہشت گردی عدالت لاہورنے اسد عمر ،علیمہ خان کی ضمانتوں میں میں 22 نومبر تک توسیع کردی

لاہور ( آن لائن ) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے9مئی کو جناح ہاؤس اورعسکری ٹاور حملہ اور ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے الزام میں درج مقدمات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان سمیت پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں بائیس نومبر تک توسیع کردی۔

عدالت نے آئندہ سماعت تک تمام ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے منگل کو سماعت کی۔ اسد عمر ،علیمہ خان اور عظمی خان عبوری ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے بتایا کہ دو ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں مگر تاحال ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے ،عدالت آکر غلط بیانی کی جارہی ہے کہ تفتیشی افسر نہیں ملا۔تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر نے پہلے ہی ملزمان کو قصوروار ڈکلیئر کردیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 22 نومبر تک توسیع کردی ۔

Comments are closed.