عمران خا ن کے سینئر فوجی افسر پر الزامات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں ،آئی ایس پی آر
راولپنڈی :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے چیئرمین پی ٹی آئی کے حاضر سروس سینئر فوجی افسر پر الزامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد قراردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عمران خا ن قانونی راستے کا سہارا لیں اور جھوٹے الزامات لگانا بند کریں ورنہ ادارہ جھوٹے اور غلط بیانات اور پروپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بغیر کسی ثبوت کے ایک حاضر سروس سینئر فوجی افسر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات عائد کئے ۔
یہ من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی الزامات انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں آ ئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے یہ مسلسل وطیرہ رہاہے جس میں فوجی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اشتعال انگیزی اور سنسنی خیز پروپیگنڈے کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ہم متعلقہ سیاسی رہنما سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قانونی راستے کا سہارا لیں اور جھوٹے الزامات لگانا بند کریں۔ ادارہ واضح طور پر جھوٹے اور غلط بیانات اور پروپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
Comments are closed.