سویلین کا ملٹری کورٹس میں ٹرائیل ، زیر حراست ملزمان کی تفصیلات سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرا دی گئی

اسلام آباد(آن لائن)سویلین کے ملٹری کورٹس میں ٹرائیل سے متعلق معاملے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کی طرف سے زیر حراست ملزمان کی تفصیلات سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرا دی گئی ہیں۔

جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے پر تشدد واقعات میں کل 3050 افراد کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ، جن میں سے ایم پی او کے تحت کل 2258 افراد کے اریسٹ وارنٹ جاری ہوئے،ان میں سے 1888 افراد انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج 51 مقدمات میں زیر حراست ہیں جبکہ 4119 افراد دیگر دفعات کے تحت درج 247 مختلف مقدمات میں گرفتار کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 86 ملزمان جسمانی ریمانڈ جبکہ 2464 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔

نو مئی واقعات میں ملوث کل 81 خواتین کو حراست میں لیا گیا ، ان میں سے 42 خواتین کو مجاز عدالتوں سے ضمانت دی گئی جبکہ 39 خواتین اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ واضح رہے اٹارنی جنرل آف پاکستان کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں آرمی کی زیر حراست ملزمان ، وکلاء صحافیوں اور زیر حراست بچوں کی تفصیلات شامل نہیں ہیں۔

Comments are closed.