مجرمانہ دھمکی کیس: فواد چوہدری دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد( آن لائن) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو مجرمانہ دھمکی کے کیس میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔اسلام آباد کی تھانہ آبپارہ پولیس کی جانب سے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری جو بکتر بند گاڑی میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا۔ پولیس نے فواد چوہدری کو منہ پر کپڑا ڈال کر ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ فواد چوہدری نے عدالت کے روبرو استدعا کی کہ میں سابق وفاقی وزیر رہ چکا ہوں اور سپریم کورٹ کا وکیل ہوں۔

مجھے تضحیک آمیز طریقے سے عدالت لایا گیا ہے۔ مجھے میرے وکلاء سے ملنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے فواد چوہدری کو وکلاء سے ملنے کی اجازت دے دی۔ پولیس کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فواد چوہدری کو ظہیر نامی شخص کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر کا متن پڑھتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ فواد چوہدری نے بطور وفاقی وزیر نوکری کا جھانسہ دے کر 50 لاکھ روپے وصول کیے تھے تاہم فواد چوہدری نے نوکری کا وعدہ پورا نہ کیا۔ شہری نے جب پیسوں کی واپسی کا تقاضا کیا تو فواد چوہدری نے شہری کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ظہیر نامی شخص اتنا سست ہے کہ عدالت بھی نہیں آیا۔ مجھے پھیپھڑوں کا مسئلہ ہے، ڈاکٹر تک رسائی دی جائے۔ بچوں سے ملنے کی بھی اجازت دی جائے۔ عدالت نے فواد چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔

Comments are closed.