8فروری کو وہی جیتے گا جس کے پاس تیر کا نشان ہوگا ،بلاول بھٹو

کراچی ( آن لائن )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ، آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے کی خبر پرانی ہے،ملک کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ رہے گا ، 8فروری کو وہی جیتے گا جس کے پاس تیر کا نشان ہوگا ،مخالفین اکٹھا ہوکر بھی پیپلز پارٹی کو نہیں ہراسکتے ،ہم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ، عوام نے ہم پر بھرپور اعتماد کیا ہے ، عوام کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے ،کراچی کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ہم جانتے ہیں دہشتگردی کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے ،پاکستان کی عوام کو دہشتگردی سے مکمل نجات دلائینگے ، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بار پاکستان کے عوام لاہور سے وزیر اعظم منتخب نہیں کریں گے، کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات فروری کے الیکشن کا ٹریلر ہیں بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اس وقت بلدیاتی انتخابات جیتے جب ہم حکومت میں نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، ملک کو معاشی مسائل، غربت اور مہنگائی سے نجات دلانی ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت ہی غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتی ہے۔نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے کی خبر پرانی ہے، ہم نے کسی جماعت کے لیے اپنے دروازے بند نہیں کیے ہیں، ہم اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کہا کہ اب ہم بلدیاتی اور صوبائی کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے۔ 8 فروری کو ثابت کردیں گے، فتح صرف تیر کی ہوگی اس بار پاکستان کے عوام وزیراعظم لاہور سے منتخب نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئین صدر مملکت کو الیکٹرول کالج مکمل ہونے تک عہدہ سنبھالنے کی اجازت دیتا ہے، مگر صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ نون لیگ آج مطالبہ کررہی ہے مگر ہم تو ابتدا ہی سے یہ کہہ رہے ہیں، 15 ماہ میں صدر کے خلاف کیوں کچھ نہیں کیا گیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ترقیاتی اسکیموں پر پابندی لگائی ہے مگر پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں

، ہمارے بھائی محسن نقوی کی درخواست پر تو ایک دن میں ہی آٹو پر اجازت مل جاتی ہے مگر سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کو اس کی اجازت نہیں دی جارہی، سندھ کے ساتھ سوتیلے جیسا سلوک ہورہا ہے۔دہشت گردی کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے، افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردوں کے پاس موجود ہے۔

Comments are closed.