نواز شریف عوام کے ووٹ کی طاقت سے چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے: مریم اورنگزیب
لاہور (آن لائن) پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جو لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کر رہے ہیں میرا ان تمام سیاسی جماعتوں کو مشورہ ہے کہ اس کا رونا نہ روئیں فیلڈ میں انتخابات کی تیاری کریں جس طر ح مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے سیاسی حقیقتوں اور مخالف سیاسی جماعتوں کو معلوم ہو چکاہے کہ 21اکتوبر کے بعد نوازشریف کے حق میں فیلڈ ہے، عوام نے نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنانے کے حق میں اعلان کر دیا ہے اس لئے یہ رونا آپ کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے، شرجیل میمن کہہ رہے ہیں پیپلزپارٹی کلین سیوپ کرے گی پھر انہیں کہاں سے لیول پلینگ فیلڈ نہیں مل رہی، نواز شریف کو بلیک لاء ڈکشنری کا سہارا لے کر منصب سے ہٹایا گیا اس کی تصحیح ہونا ملک کی بہتری ہے، یہ زیادتی پاکستان سے ہوئی، 23 کروڑ عوام کی بہتری اس میں ہے کہ تصحیح ہو، نواز شریف 8 فروری کو انتخابات لڑیں گے اور پاکستان کے عوام کے ووٹ کی طاقت سے چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف چار سال کے بعد مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پہلی دفعہ تشریف لائے اور 21 اکتوبر کو وطن واپس کے بعد ان کا اپنے دفتر میں پہلا دن تھا، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان نے دیکھا پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح 21 اکتوبر کو پورے پاکستان نے تین دفعہ کے منتخب وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا، پورے ملک سے عوام نے جلسہ گاہ پہنچ کر ان کا فقید المثال استقبال کیا، لاہور کے جتنے بھی داخلی راستے تھے وہ بند ہو چکے تھے، شاہراہوں کی کیئرنگ کیپسٹی ختم ہو چکی تھی، اس سے بڑی تاریخی سیاسی موبلائزیشن پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ہمارے سیاسی مخالفین جو دوربینیں لگا کر بیٹھے ہوئے تھے انہوں نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ 21اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع اور سیاسی موبلائزیشن تھی۔ انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پورے پاکستان سے لوگ کیوں آئے تھے کیونکہ آج پاکستان کی عوام کو یہ یقین ہے کہ اگر موجودہ مشکل حالات سے پاکستان کو کوئی باہر نکال سکتا ہے تو وہی شخص ہے جس نے ہر دفعہ منصب سنبھالتے ہی عوام کو ریلیف اور پاکستان کی خدمت کی، انہیں یقین تھاکہ پھر سے کوئی معیشت کوسنبھال سکتا ہے، ملک کے حالات بہتر کر سکتا ہے، بجلی کے بل کم کر سکتا ہے کسی کے پاس تجربہ ہے نیت ہے تو وہ صرف اور نواز شریف کے پاس ہے جس کا ثبوت 21اکتوبر کو عوام کو اعتماد کر کے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف نے پارٹی سیکرٹریٹ میں سینئر قیادت کے ساتھ میٹنگ کی، پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جس نے اپنا الیکشن سیل قائم کر دیا ہے منشور کمٹی بنا دی ہے
اس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے جس نے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں اوردس نومبر تک یہ عمل مکمل ہو جائے گا، پارلیمانی بورڈزاور مرکزی بورڈز بنا دئیے گئے ہیں جن کا جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، ہم اللہ کے فضل و کرم سے نواز شریف کی قیادت میں انتخابات کے لئے تیار ہیں اور ہم ایک دفعہ پھر نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کے اندر سے مہنگائی ختم کرنے کے لئے، آج جس نوجوان کے پاس ڈگری ہے اس کو روزگار دینے کے لئے ، آئی ٹی کے سٹارٹ اپس دینے کے لئے، کسان کو سستی کھاد سستی بجلی دینے کے لئے، سولر انرجی کی پیداوار کے لئے اور سب سے پہلے امن لانے کے لئے، ملک میں اتحاد اورعدم برداشت کومٹانے کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان کی عوام 21اکتوبر کے بعد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ امید لگا کر بیٹھی ہے اس لئے ان کو یقین ہے کہ دوبارہ سے ملک کو کوئی ترقی خوشحالی اور روزگاردے سکتا ہے، سی پیک کو تیزی رفتاری سے مکمل کر سکتا ہے وہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے لوگوں کی جس طرح خدمت کی سب اس سے آگاہ ہیں، لوگوں کو مفت ادویات اور علاج مہیا کیا گیا، ادویات اور ٹیسٹ مفت تھے ، پنجاب میں شاہراہیں بنیں، بجلی کی پیداوار ہوئی ،16ماہ میں شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا، ہمیں بھی کہا گیا کہ سیاست کریں لیکن ہم نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور عوام کو بچانا ہے، شہباز شریف نے تمام اتحادیوں سے مل کر یہ کام کیا جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ وحد جماعت ہے جو انتخابات کے لئے تیار ہے اور ترقی کا وہ سفر جو 2013میں شروع کیا تھا عوام کو ریلیف، ترقی، خوشحالی امن اور دہشت گردی کا خاتمہ سب کچھ دوبارہ شروع کریں گے
Comments are closed.