نگران وزیر اعظم کی ازبک صدر سے ملاقات، غزہ میں جاری انسانی صورتحال اور دیگر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال
تاشقند (آن لائن)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے دورہ ازبکستان کے دوران ازبکستان کے صدر مرزیوف اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کی ہیں ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم کی ازبکستان کے شہر تاشقند میں 16ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ازبک صدر مرزیوف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ دونوں ملکوں کے مابین سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سلامتی، دفاع اور رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا
۔وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم تجارتی معاہدے سے دو طرفہ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ ملے گا، دونوں رہنماوٴں نے علاقائی اقتصادی انضمام اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ اور صدر مرزیوف نے غزہ میں جاری انسانی صورتحال اور دیگر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سیکرٹری جنرل ای سی او خسرو نوزیری سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، رابطے اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تنظیم کی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ملاقات میں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ سیکرٹری جنرل نے ای سی او کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں تجارت اور رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے ای سی او سیکرٹریٹ کے عزم کا یقین دلایا۔
Comments are closed.