پی ٹی آئی رہنماء علی نواز اعوان اور عامر ڈوگر گرفتار

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء علی نواز اعوان اور عامر ڈوگر کو مانسہرہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء علی نواز اعوان اور عامر ڈوگر کو مانسہرہ کے علاقے بٹل سے گرفتار کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماوٴں کیخلاف 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے سمیت دیگر الزامات تھے۔عامر ڈوگر اور علی نواز اعوان بٹل سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء حزب اللہ کے حجرے میں روپوش تھے۔ دریں اثناء ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ علی نواز کی جبری گمشدگی شرمناک سلسلے کی کڑی ہے۔ علی نواز اعوان کو قانونی ضوابط کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔جاری بیان میں ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ چیف جسٹس اس لاقانونیت پر نگران حکومت سے جواب طلب کریں۔ پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ قائدین اور کارکنان کی جبری گمشدگی پارٹی کو انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش ہے۔انکا کہنا تھا کہ لاپتہ قائدین کے اچانک منظرِعام پر آنے کے بعد بیانات کی کوئی حیثیت نہیں۔

Comments are closed.