سابق اراکین و صوبائی اسمبلی کی شہبازشریف سے ملاقات ،(ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان

لاہور (آن لائن)سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی ملی تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار منصب ڈوگر ،فاروق رضا مانیکا ،جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی ،سابق رکن پنجاب اسمبلی آصف عباس اور میاں ماجد نوازنے ملاقات کر کے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ، شیخ فیاض الدین، عطااللہ تارڑ، رانا ارادت حسین ،احمد رضا مانیکا ،آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمی بخاری بھی شریک تھے ۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب کا احترام کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا ، انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے، پاکستان کی معاشی خودانحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم وملزوم ہیں ،قائد نوازشریف کا ہر دور تعمیر، ترقی اور عوامی خوشحالی کا دور ہے ۔مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرنے والوں نے پارٹی قائد نوازشریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی روایت رہی ہے، نوازشریف کی قیادت میں عوام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردارادا کریں گے۔

Comments are closed.