اسلام آباد ایئرپورٹ سے انتہائی مطلوب دہشت گرد پکڑا گیا

اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف آئی اے‘ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کرلیا، ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ دہشت گرد کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران حراست میں لیا گیا، جس کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، یہ اشتہاری ملزم خیبرپختونخوا حکومت کو مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن نے گرفتار دہشت گرد کو خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دیا جب کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے بہترین کارگردگی پر افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا، تعریفی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر خبیب عزیز، اسٹنٹ ڈائریکٹر مہک گل، اسسٹنٹ سب انسپیکٹر جبار حیدر اور کانسٹیبل راجہ ارباز شامل ہیں۔

علاوہ ازیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے عمرے پر جانے والے مسافر کے احرام کے 3 تولیوں میں بھگو کر جذب کی گئی 5 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد کرلی۔ اس حوالے سے ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ مسافر کی شناخت محمد عمران کے نام سے ہوئی، جو اسلام آباد سے استنبول کے راستے سعودی عرب کت ساحلی شہر جدہ جانے کے مقصد سے ہوائی اڈے پر پہنچا تو اس کے سامان کی تلاشی کے دوران احرام کے 3 تولیوں کو ہیروئن کے محلول سے بھگوئے جانے کا انکشاف ہوا۔اے ایس ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران انتہائی مہارت سے کی جانے والی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے 5 کلو 448 گرام محلول آئس ہیروئن برآمد کرلی جب کہ ملزم سے ابتدائی تفتیش کا عمل مکمل کرنے کے بعد اسے برآمد کی گئی منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا۔

Comments are closed.