پاکستان کے ساتھ دوسری قسط کیلئے معاہد ے قریب ہیں، سربراہ آئی ایم ایف

سنگاپورسٹی (آن لائن) آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت 3 ارب ڈالر کی دوسری قسط کے اجرا ء کیلئے معاہد ے کے بہت قریب ہیں ، پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں،پاکستان کا اہم مسئلہ ٹیکس کا ہے، ملک میں جی ڈی پی کا صرف 12 فیصد ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے جسے ہم نے 15 فیصد تک بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلومبرگ ٹیلی ویژن کو انٹرویو میں کیا ۔

کرسٹالینا جارجیوا نے کہا مجھے رواں ہفتے کے اندر جائزہ مکمل ہونے کے بعد معاہدہ ہونے کی توقع ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی مشکل آئی ایم ایف پروگرام پر ڈٹے رہنے پر پاکستانی حکام خاص طور پر وزیر خزانہ تعریف کے مستحق ہیں۔قسط کے اجرا کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا ملک میں سب سے اہم مسئلہ ٹیکس وصولی میں کمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے جی ڈی پی کا صرف 12 فیصد ٹیکس جمع کرتا ہے، ہم کہہ رہے ہیں کہ آپ کی معاشی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیکس وصولی کو کم از کم 15 فیصد ہونا چاہیے۔کرسٹالینا جارجیوا نے حکومت کو سفارش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو لوگ ٹیکس ادا کر سکتے ہیں، ان سے ٹیکس وصول کیا جانا چاہیے۔

Comments are closed.