کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار ہے،انوار الحق کاکڑ

دبئی (آن لائن)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی میں اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز کے موقع پر ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کی۔ نیویارک، امریکہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماوٴں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہء خیال کیا اور افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر گفتگو کی۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تبادلہء خیال کیا۔

دونوں سربراہان نے اس سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد اور دی ہیگ میں منعقد ہونے والی تقریبات کو سراہا۔ وزیراعظم کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے ڈچ کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں اضافے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کاکڑ نے کاپ 28 کے حوالے سے بہتر نتائج کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار ہے۔وزیراعظم کاکڑ نے نیدرلینڈز کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

Comments are closed.