اسلام آباد میں بیٹھے بابو خود کام کرتے ہیں نا کسی کو کرنے دیتے ہیں: بلاول بھٹو

کوئٹہ(آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے بابو خود کام کرتے ہیں نا کسی کو کرنے دیتے ہیں۔

کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کوبہت نقصان ہورہا ہے، خدشہ ہے موسمیاتی تبدیلیوں سے آگے جاکرمزید نقصان ہوگا، موسمیاتی تبدیلی سے سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ سنا ہے میاں صاحب جب تیسری دفعہ وزیراعظم بنے تو لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی، اب کونسی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے؟ انشاء اللہ سندھ، بلوچستان اور وفاق میں حکومت بناکر گرین انرجی پارکس بنائیں گے، غریب لوگوں کو 200 سے 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائیگی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے بابو کو نہیں پتا مسائل کیا ہیں، بابو خود کام کرتے ہیں نا کسی کو کرنے دیتے ہیں، مسائل حل کرنے کے لیے اسلام آباد سے دور رہ کر آپ سے مشورہ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک جس طریقے سے چل رہا ہے اس طریقے سے نہیں چلا سکتے، بلوچستان،سندھ،خیبرپختونخوا،پنجاب کے عوام میں احساس محرومی ہے، ہمیں پرانی نفرت،تقسیم والی سیاست بارے اب سوچنا پڑے گا۔بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آپس کی لڑائیوں میں عوام کی تکالیف میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے باعث عوام کا حکومتوں سیاعتماد اٹھتا جارہا ہے، ہمیں عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، اگرجمہوری جماعتیں فیل ہونگی توکوئی اورقوت ہماری جگہ لے گی ۔

Comments are closed.