نواز شریف اور چوہدری شجاعت کی ملاقات، عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت

لاہور (آن لائن) سربراہ پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین نے قائد ن لیگ نواز شریف سے ملاقات میں آئندہ انتخابات میں ق لیگ کے لیے 10 سے زائد قومی جبکہ 22 صوبائی اسمبلی کی نشستیں دینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیل کے مطابق چوہدری شجاعت حسین سے نواز شریف کی تقریباً 15 سال کے بعد ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ن لیگ کی جانب سے مسلم لیگ ق کو انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیش کش کی گئی۔ ملاقات میں نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک تھے۔ قبل ازیں ق لیگ کے رہنماوٴں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کے دوران نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوٴں کے مابین آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں ن لیگ کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی مسلم لیگ ق کو سیٹوں کی تعداد کے حوالے سے پیشکش کی گئی۔ ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں، جس کے مطابق مسلم لیگ ن نے ایم این اے کی 2 نشستوں پر ق لیگ کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی آفر کی ہے۔ علاوہ ازیں ایم پی اے کی 3 سیٹوں پر بھی ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔ مسلم لیگ ق نے اہم ملاقات کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملاقات کے حوالے سے رہنماوٴں کو اعتماد میں لیے جانے کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے پیشکش کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور چوہدری شجاعت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ ق نے مسلم لیگ ن سے پنجاب میں بھرپور حصہ مانگ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب بھر سے قومی اسمبلی کی 10 سے زائد اور صوبائی اسمبلی کی 22 نشستیں مانگی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور ق لیگ کی مشترکہ کمیٹی آئندہ چند روز میں تشکیل دے دی جائے گی جو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تمام تر معاملات پر دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کو تجاویز دے گی۔ واضح رہے کہ نواز شریف تقریباً 15 سال بعد چوہدری شجاعت سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف 2009 میں چوہدری شجاعت کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے لئے ظہور پیلس گئے تھے۔

Comments are closed.