اڈیالہ جیل میں ٹرائل سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(آن لائن) توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی

۔ اڈیالہ جیل میں ٹرائل سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ فیصلہ ڈپٹی ڈائریکٹر لا صائمہ جنجوعہ نے پڑھ کر سنایا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے بانی چیئرمین تحریک انصاف اور فواد چوہدری کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے دی۔ سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہو گی۔فیصلے میں وزارت داخلہ کو دو روز میں انتظامی رپورٹ تیار کر کے الیکشن کمیشن میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کی رائے کے بعد ٹرائل کا فیصلہ کیا۔ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی اڈیالہ جیل میں ہوگی۔یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر توہین آمیز گفتگو پر توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی چل رہی ہے۔

Comments are closed.