(ن) لیگ الیکشن کیلئے تیار، اکثریت حاصل کرنے جا رہے ہیں ، رانا ثنا اللہ

لاہور(آن لائن ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کیلئے تیار ہے، ہمارا کام تقریباً مکمل ہے، 15 اور 16دسمبرکوامیدواروں کی فہرست جاری کردیں گے،مضبوط امیدوار میدان میں لائیں گے اور عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے جا رہے ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتیں متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں محدود رکھیں ،دہشت گردی کے خطرات ہیں لیکن الیکشن کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان 54 دن پہلے ہوتا ہے اور میرا خیال ہے 14 یا 15 دسمبر کے آس پاس شیڈول کا اعلان ہو جائے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق 15 یا 16 دسمبر تک امیدوار فائنل کر لیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب سے ہم 100 سے زائد سیٹیں جیتنے جا رہے ہیں، تاریخ دیکھ لیں پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں جیتنے والی اکثریتی حکومت بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتوں کو بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں محدود رکھنی چاہییں، دعا ہے اللہ سب کو حفظ وامان میں رکھے اور الیکشن خیریت سے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں موجود ہیں اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو عدالت جائے

، بلاول بھٹو زرداری آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں ماضی میں اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے۔رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ الیکشن میں اتحاد کسی سے نہیں کر رہے البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے تعاون کو تیار ہیں، ہر حلقے میں صورتحال واضح ہے کوئی ابہام نہیں ہے، اربن ایریاز میں 10 دن میں واضح نظر آ جائے گا (ن) لیگ سوئپ کر رہی ہے اور جیتنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات پہلے بھی تھے اور آج بھی ہیں، پچھلے 5 سال جو کچھ نقصان ہوا وہ گہرا ہے اس سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے، انتخابی مہم کو لے کر جو پروپیگنڈا سوشل میڈیا پر ہو رہا ہے وہ سب کو نطر آ رہا ہے۔

Comments are closed.