ڈی آئی خان میں خودکش حملہ، 3 سکیورٹی اہلکار شہید‘ 16 زخمی ہوگئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( آن لائن ) خیبر پختونخوا کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خودکش حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید اور 16 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں درابن سکول میں رہائش پذیر سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے رات 3 بجے حملہ کیا اور خود کش گاڑی سکول کی عمارت سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں عمارت گرگئی اور خود کش حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید و 16 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کہ درابن سکول میں فورسز کے جوان رہائش پذیر تھے، دھماکے کے بعد دہشت گرد عمارت میں گھس گئے، اسی دوران دہشت گردوں نے سکول کے ساتھ واقع تھانہ درابن پر بھی حملہ کیا جہاں پولیس اور فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔ دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد درابن میں آج تمام بازار اور مارکیٹیں بند کردی گئی ہیں، تحصیل درابن میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز بھی تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ ایسا ہی ایک واقعہ دو روز قبل صوبہ بلوچستان کے علاقہ خضدار میں پیش آیا جہاں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے، پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکہ خضدار کے ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی پر ہوا، جس میں پولیس افسر مراد جاموٹ شہید ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمی پولیس جوانوں کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ پولیس کے شہید جوانوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دہشتگردی کے منصوبہ سازوں اور نرسریوں کو ختم کرنا ہوگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں، دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔پی پی چیئرمین نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
Comments are closed.