پاکستان بار کونسل نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان بار کونسل نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے انتخابی طریقہ کار، حلقہ بندیوں اور نشستوں کی تقسیم کے پر سوال اٹھا دئیے۔

پاکستان بار کونسل کا عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں مواقعوں کی فراہمی پر زور۔پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے برابر کے مواقع فراہم کرنے چاہیے ، یہ تاثر بڑھ رہا ہے کہ موجودہ الیکشن کی موجودگی میں شفاف انتخابات نہیں کرائے جا سکتے، جہلم، گجرانوالہ اور ضلع راولپنڈی میں نشستوں کی تقسیم میں عدم توازن دیکھا گیا، ابادی کے تناسب سے موجودہ حلقہ بندیاں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھا رہی ہیں ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح ہے کہ کمیشن کا طرز عمل عام انتخابات کی سالمیت کے بارے میں سنگین شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے، ان حالات کی روشنی میں الیکشن کمیشن ان نازک معاملات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا

، پاکستان بار کونسل مطالبہ کرتی ہے کہ سپریم کورٹ کو کمیشن کے ہر عمل کی توثیق کرنے کے بجائے ان تضادات کا نوٹس لینا چاہیے، بار کونسل کا پختہ یقین ہے کہ بنیادی مقصد محض انتخابات نہیں ہے بلکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکساں مواقع فراہم ہونے چاہئیں ، بار کونسل سپریم کورٹ بار کی مشاورت سے وکلاء تحریک کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کے لیے جلد ہی ایک آل پاکستان نمائندہ کنونشن بلائے گا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وکلاء کنونشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، شفاف انتخابات موجودہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی موجودگی میں ممکن نہیں، بار کونسل جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے انتخابی عمل میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے

Comments are closed.