امن و استحکام ہماری اولین ترجیح ہے،انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد ( آن لائن ) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امن و استحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔ کالعدم بی این اے کے سربراہ سرفراز بنگلزئی عرف مرید بلوچ کا اپنے ساتھیوں و خاندان سمیت ہتھیار ڈالنا پاکستان اور بلوچستان کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعظم نے کہا یہ اہم پیش رفت ماضی قریب میں گلزار امام شمبے ( کالعدم بی این اے کے سابق سربراہ) کی گرفتاری اور قومی دھارے میں شمولیت کے بعد سامنے آ ئی ہے ۔

انہوں نے کہا شمولیت کے ذریعے امن کا راستہ اپناتے ہوئے، ہماری ریاست اور ادارے ہم آہنگی کے نقطہ نظر کو فروغ دے رہے ہیں ا ور علیحدگی پسندوں کو دوبارہ قومی دھارے میں لانے کیلئے فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس اسٹریٹجک اقدام کا مقصد دیرپا امن، افہام و تفہیم کو فروغ اور کمیونٹیز کی تعمیر نو ہے۔ مل کر ہم اپنی آئندہ نسلوں کے لیے ایک ہم آہنگ اور محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ نگران وزیر اعظم نے کہا میں اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ا داروں ، خاص طور پر آئی ایس آئی کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں جنہوں نے اس پیچیدہ خفیہ آپریشن کی منصوبہ بندی کی، اس کو انجام دیا اور اس کی قیادت کی۔ اللہ آپ سب کا حامی و ناصر ہو! آمین۔

Comments are closed.