پنجاب شوباز، وسیم اکرم پلس جیسے نالائقوں کے حوالے نہیں کر سکتے، بلاول بھٹو

لاہور(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب پر کبھی کوئی شوباز مسلط کیا جاتا تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے، ہم پاکستان کو ان نالائقوں کے حوالے نہیں کر سکتے، اقتدار میں آنے کے بعد 17 وزارتیں اور اشرافیہ کو دی جانے والی سبسڈی بند کرکے ہونے والی بچت کو عوام پر خرچ کریں گے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن ، ملک کو سیاسی بحران سے نکالیں گے ،دہشت گرد ملک میں سر اٹھا رہے ہیں ان کا سر میں خود کاٹوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم پر طنز کرتے ہیں آپ کی تعداد کم ہے، آپ لاہور کیوں آئے ہیں، ان کو سمجھائیں کہ لاہور میرا بھی شہر ہے، ہم 72 کے قافلے سے ہیں، چاہے تعداد کم ہی کیوں نہ ہو بھرپور مقابلہ کریں گے، قائد عوام کی پھانسی کی سزا پر لاہور کے شہریوں نے اپنے آپ کو جلایا تھا‘۔انہوں نے کہا کہ ’میں لاہور کی سرزمین پر کھڑے ہو سب کو پیغام دیتا ہوں حالات ضرور مشکل ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، معاشی بحران ہے، سیاسی اور جمہوری بحران ہیں لیکن عوام مایوس نہ ہوں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’جو نفرت کی سیاست کر رہے ہیں اس سے ملک تقسیم ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرے گی، ملک کو سیاسی بحران سے نکالیں گے، دہشت گرد پھر سر اٹھا رہا ہے وہ ہمیں نظر آرہا ہے، جو دہشت گرد ملک میں سر اٹھا رہے ہیں

ان کا سر میں خود کاٹوں گا‘۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں پاکستان کے دل سے الیکشن لڑ رہا ہوں، اس وقت پاکستان کا دل ٹوٹا ہوا اس کو جوڑیں گے، جو کہتے ہیں لاہور کیوں آئے ہو لاہور تو ہمارا ہے، ان کو بتائیں لاہور پیپلز پارٹی کا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’پنجاب پر کبھی کوئی شوباز مسلط کیا جاتا تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے، ہم پاکستان کو ان نالائقوں کے حوالے نہیں کر سکتے، پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جو وعدہ پورا کر کے دکھاتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے انتخابات کے لیے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے منشور تیار کیا ہے‘۔ 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے اقتدار میں آتے ہی 17 وزارتیں اور اشرافیہ کو سبسڈی دینا بند کردیں اور اس سے ہونے والی بچت کو عوام پر خرچ کریں گے۔ مجھے وزیراعظم بنوایا تو آپ کی تنخواہیں پانچ سال میں ڈبل کردیں گے۔ سولر پینل کے ذریعے 300 یونٹس تک بجلی مفت کردیں گے۔ خواتین اور کسانوں کو کارڈز فراہم کریں گے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ مسلم لیگ ن پوری طاقت اور دہشت کے ساتھ تحریک انصاف کے کارکنان سے انتقام لے رہی ہے۔ ہم نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی مخالفت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کے نوجوان الیکشن میں ضرور ووٹ ڈالیں۔ آپ کی طرح پی پی نے بھی ن لیگ کے ظلم برداشت کیے ہیں۔ ملک کو 90 کی دہائی کی سیاست سے بچائیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ نوجوان میرا یہ پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ آپ کے مقابل تو لاہور میں کوئی نظر نہیں آرہا۔ ووٹ کو عزت دو کو نعرہ لگانے والے بھی غائب ہیں۔۔

Comments are closed.