عام انتخابات، جنرل نشستوں پر کل 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑیں گے، 882 خواتین اور 4 خواجہ سرا بھی شامل
اسلام آباد (آن لائن) عام انتخابات2024ء میں ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑیں گے، 882 خواتین اور 4 خواجہ سرا بھی میدان میں ہونگے۔تفصیل کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کردی۔الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 33 ویب سائٹ پر جاری کر دیے ۔فارم 33 میں ہر حلقے کے امیدواروں کی حتمی فہرست اور امیدواروں کے انتخابی نشان کی تفصیلات بھی شامل ہیں جس کے مطابق ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کے 6 ہزار 31 امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات لڑیں گے، جبکہ 11 ہزار 785 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 882 خواتین اور 4 خواجہ سرا الیکشن لڑیں گے۔
Comments are closed.