عمران خان اور فوا د چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے بانی چیرمین عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 20فروری تک ملتوی کردی

،فواد چوہدری کے خلاف توہین کمیشن کیس کی سماعت 21فروری تک ملتوی۔بدھ کے روز ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی اس موقع پر بانی چیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکیل شعیب شاہین پیش ہوئے انہوں نے کہاکہ کمیشن کے احکامات پر حاضر ہوا ہوں انہوں نے کہاکہ میرے پاس کیس کی فائل بھی موجود نہیں ہے اور میں اس وقت الیکشن لڑ رہا ہوں میں نے سپریم کورٹ سے بھی کیسزسے بھی انتخابات تک التوا لے لیا ہے اس کیس کی سماعت بھی انتخابات کے بعد تک ملتوی کیا جائے انہوں نے کہاکہ انتخابات کا وقت قریب ہے اور اگر ایک پارٹی کے خلاف ہی کاروائی کی جائے تو یہ تاثر جائے گا کہ ایک پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ کمیشن کی اصل ذمہ داری ملک میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرنا ہے انہوں نے کہاکہ پنجاب اور وفاق میں دفعہ 144لگا دی گئی ہے ہمیں جلسے تو درکنار کارنر میٹنگز بھی نہیں کرنے دیا جارہا ہے جس پر ممبر خیبر پختونخوا نے کہاکہ اگر میدوار یا اس کے ساتھ اسلحہ لہرائے تو انتظامیہ کو ایسے اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ ہم پرآمن لوگ ہیں ہم سے بلے کا نشان بھی چھین لیا گیا انتخابات میں سب کو یکسان مواقع ملنے چاہیے مگر یہاں پر ہمارے ساتھ ذیادتی ہورہی ہے جس پر ممبر خیبر پختونخوا نے کہاکہ بلے کے نشان سے آپ کو کوئی فرق نہیں پڑتا ہے اس کے بغیر بھی الیکشن لڑا جاسکتا ہے انتخابی بینرز پر پارٹی کے چیرمین کی تصویر لگی ہوئی ہے

اور سب اس کو جانتے ہیں ممبر سندھ نے کہاکہ آپ لوگوں نے بلے کے ساتھ خود ہی یہ کیا ہے وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ ہم سے بلا چھین کر ہمیں 5سال کیلئے بین کردیا جس سے پارٹی ختم ہوگئی جس پر ممبر خیبر پختونخوا نے کہاکہ کیا آپ نے آرڈر پڑا ہے آپ کی پارٹی تحلیل ہوگئی ہے اس موقع پر پیمرا کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ توہین الیکشن کمیشن میں پیمرا اور الیکشن کمیشن کے گواہ موجود ہیں انہوں نے کہاکہ کسی بھی توہین کے کیس میں سماعت اتنی ملتوی نہیں کی جاتی ہے تاہم وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ کیسز تو چلتے رہے ہیں اس وقت انتخابات پر توجہ دینا ضروری ہے جس پر کمیشن نے کیس کی سماعت 20فروری تک ملتوی کردی۔فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں ان کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے انہوں نے کہاکہ کمیشن کو بتایا کہ شوکاز نوٹس کا جواب تیار کیا ہے مگراس پر فواد چوہدری کے دستخط نہیں ہیں کیونکہ ان کے ساتھ ملاقات نہیں ہوسکی ہے انہوں نے کمیشن سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے اور اگلی سماعت پر فواد چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی جس پر کمیشن نے کیس کی سماعت 21فروری تک ملتوی کرتے ہوئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.