مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز بھی لیول پلینگ فیلڈ نہ ملنے کی شکایت لیکر الیکشن کمیشن پہنچ گئے
اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز بھی لیول پلینگ فیلڈ نہ ملنے کی شکایت لیکر الیکشن کمیشن پہنچ گئے ،چیف الیکشن کمشنر کو ناروال میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی ایما پر بے بنیاد مقدمات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔بدھ کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمااور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے چیف الیکشن کمشنر کو ناروال پولیس کی جانب سے بے بنیاد مقدمات میں نامزدگی سمیت دیگرانتقامی اقدامات کے حوالے سے داد رسی کی درخواست دیدی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ ناروال میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے موقع پرمجھ سمیت دوسرے امیدوار کے خلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی ایما پر میرے خلاف یہ ساری کاروائی کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ میں مسلم لیگ ن کا حصہ ہوں اور پی ٹی آئی سمیت کسی بھی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کر رہا ہوں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم دور حکومت میں مہنگائی کی ذمہ داری مسلم لیگ ن پر نہیں بلکہ احسن اقبال جیسے وفاقی وزرا پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے عوام کو درپیش مشکلات دور کرنے کے حوالے سے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے انہوں نے کہاکہ ناروال پولیس کی جانب سے بے بنیاد مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد میں ضمانت کیلئے آیا ہوں اور چیف الیکشن کمشنر کو درخواست دی ہے کہ مجھے حلقے میں آزادانہ انتخابی مہم چلانے کیلئے احکامات دئیے جائیں۔۔
Comments are closed.