سانحہ 9مئی ریاست، اور پاک فوج کے سپہ سالار کے خلاف ایک سازش تھی،شہبازشریف
اسلام آباد( آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ 9مئی ریاست، اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے خلاف ایک سازش تھی اگریہ سازش کامیاب ہوجاتی تو ملک کی بھیانک صورتحال ہو تی، ہم نے اس سازش کو ناکام بنایا ، 9مئی کو سابق وزیراعظم نے مسلح جتھے تیار کےئے جنہوں نے قومی اداروں پر چڑھائی کی،قومی اتحاد انتہائی ضروری ہے اس کے بغیر ملک آگے نہیں چل سکتا۔سیلاب متاثرین میں صاف و شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم کی گئی،ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا اور قرضوں سے جان چھڑانا ہو گی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کابینہ اجلاس سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 16ماہ میں ہرممکن کو شش کی مشکل صورتحال کو بہتر بنایا جائے،مدت مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر اد ا کرتے ہیں،حکومت سنبھالتے ہی ملک کو سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا رہا،سیلاب میں ہر طرف تباہی ہی تباہی نظر آتی تھی،
بی آئی ایس پی کے ذریعے ہم نے صاف و شفاف طریقے سے80ارب روپے کی رقوم سیلاب متاثرین میں تقسیم کی ،بطور ایک پاکستانی کسی صوبے سے کوئی تفریق نہیں کی، باہر سے جو بھی امداد آئی وہ صاف و شفاف طریقے سے سیلاب متاثرین میں تقسیم کی، جس صوبے سے بھی آپکا تعلق ہے میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،این ڈی ایم اور صوبوں نے سیلاب میں بے پناہ تعاون کیا ، دن رات محنت کی ،مہنگائی کا طوفان ابھی تک تھمنے کو نام نہیں لے رہا اس کی بھی بہت سی وجوہات ہیں ،گزشتہ حکومت میں ملک کی ساکھ کو مجروح اور بدنا م کیا ،پاک فوج نے سیلاب میں امدادی کارروائیاں کی، مراد علی شاہ، شازیہ مری، اور بلاول بھٹوزرداری کا بھی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں آپ نے اپنی سیاست کو قربان کیا ملک کو بچالیا ،چاروں صوبوں کی معاونت سے فیصلوں میں آسانی ہوئی ،آپ لوگوں نے مشکل فیصلوں میں اپنی سیاست اور ذاتی مفاد کو نہیں سوچا، داخلہ اور خارجہ محاذ پر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ، اجلاس میں وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان جن میں آصف علی زرداری ، نواز شریف،مولانا فضل الرحمن، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، بلاول بھٹو زرداری، عبدالمالک بلوچ، ساجد میر، شاہ زین بگٹی سمیت دیگر رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگوں نے نیک نیتی کے ساتھ ہمار ا ساتھ دیا، ہماری رہنمائی کی ، دوست ممالک نے ہمارا ساتھ نہیں چھوڑا،
گزشتہ 5ماہ میں چین نے پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا، چین کو پوری کہانی کی سمجھ آگئی تھی اس لئے چینی وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے کہا کہ بیجنگ پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، آئی ایم ایف کے ایم ڈی نے چینی وزیراعظم کے اس بیان کی تصدیق کی ، چین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ 9مئی پاکستان کے خلاف ایک سازش تھی ،9مئی کو پاک فوج اور پاک فوج کے سپہ سالار عاصم منیر کے خلاف سازش کی گئی، ہم نے اس ملک کو اس ناپاک سازش سے بچایا،اگر 9مئی کی سازش کامیاب ہو جاتی تو پاکستان کی بھیانک صورتحال ہوتی ، 9مئی کو سابق وزیراعظم نے مسلح جتھے تیار کےئے جنہوں نے قومی اداروں پر چڑھائی کی ،شہیدوں کی باقیات کو نہیں بخشا،پتھر دل ہی ہو گا جنہوں نے شہداء کی یادگار کی بے حرمتی کی ،9مئی کو شہداء کے اہلخانہ پر کیا بیتی ہو گی ؟9مئی کے واقعات سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہئے ،پوری قوم کا اتحاد ایک طرف اور دوسری طرف ایک مسلح جتھا تھی ،قومی اتحاد انتہائی ضروری ہے اس کے بغیر ملک آگے نہیں چل سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا پھیلاؤ پورے ملک میں پھیل چکا تھا، اللہ کرے 9مئی جیسے واقعات پھر رونما نہ ہوں،آج ملک اس نہج پرپہنچ گیا ہے ہمیں شرم آتی ہم سے بعد میں آزاد ہونے والاہمسایہ ملک بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا ہے ۔90کی دہائی میں بنگلہ دیش ہم سے پچھے تھا ،آخر کار کوئی تو وجہ ہو گی جس سے ہمسایہ ملک ہم سے آگے نکل گیا،ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا اور قرضوں سے جان چھڑانا ہو گی
Comments are closed.