ڈی آئی خان اور خاران میں پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملے،5اہلکار شہید،11 زخمی

ڈی آئی خان،خاران( آن لائن)عام انتخابات میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے والے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر دہشت گردانہ حملوں میں 5اہلکار شہید جبکہ 11زخمی ہو گئے ،پہلا حملہ ڈی آئی خان میں پولیس پارٹی پر کیا گیا جبکہ دوسرا حملہ بلوچستان کے علاقے خاران میں سکیورٹی فورسز پر کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں انتخابات کے لیے سکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل پر بم حملے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔تھانہ کلاچی کی حدود میں پولیس موبائل پر بم حملے میں4 جوان شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھی جائے وقوع پہنچ گئے اور پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ کی جس سے دہشت گرد بھاگ نکلے۔حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل گرہ اسلم پولنگ اسٹیشن کی سکیورٹی پر تعینات تھی، جس میں سب انسپکٹر خانزادہ اور دیگر اہل کار سوار تھے۔ واقعے کے بعد شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ادھر صوبے بلوچستان کے ضلع خاران میں لیویز کی گاڑی پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔لیویز کی گاڑی کو پکتن کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔زخمی ہونے والے جوانوں کو فوری طبی امداد کے کیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

Comments are closed.