میرا مینڈیٹ کسی اور کو نہیں دیا جاسکتا، بلاول بھٹو زرداری

نوڈیرو ( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرا مینڈیٹ کسی اور کو نہیں دیا جاسکتا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے جلع لاڑکانہ میں نوڈیرو کے مقام پر اپنے آبائی علاقہ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج میں اپنا ووٹ ڈالنے آیا ہوں، عوام نکلیں اور ووٹ کی طاقت استعمال کریں، جیسے عوام ووٹ ڈالنے نکلے ہیں تو پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش کی مذمت کرتا ہوں، موبائل سروس فوری بحال کی جائے، موبائل سروس کی بندش سے ٹرن آوٴٹ پر اثر پڑے گا اور فارم 45 کے کوآرڈی نیشن میں مشکلات کا سامنا ہوگا، تاخیرسے عوام کا نقصان ہوسکتا ہے، اس لیے موبائل فون سروس کو فی الفور بحال ہونا چاہیئے۔بتایا جارہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنا ووٹ آبائی علاقے نو ڈیرو میں ڈالا جب کہ ان کے والد اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمیں آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا کہ پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے، ہم نے منشور عوام دوست دیا ہے، جس کی وجہ سے پیپلزپارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو اور بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نواب شاہ میں اپنے ووٹ کاسٹ کیے، انہوں نے گورنمنٹ بوائز اسکول ایل بی او ڈی کالونی پہنچیں جہاں انہوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے، اس موقع پر اظہار خیال میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں نکلنا ہے اور ووٹ دینا ہے، جیت پیپلز پارٹی کی ہی ہوگئی۔

Comments are closed.