نواز شریف کی تمام جیتنے والی جماعتوں اور آزادامیدواروں کو مل کر حکومت بنانے کی پیش کش

لاہور(آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں مسلم لیگ(ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، ہم سب پارٹیوں، فرد واحد اور آزاد امیدواروں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمارے ساتھ مل کر حکومت بنائیں،ہم بار بار انتخابات کرانے کے متحمل نہیں ہو سکتے ،یہ سب کا پاکستان ہے، اکیلا مسلم لیگ(ن) کا نہیں ،سب کو مل کر یکجہتی کے ساتھ ملک کو مشکلات سے باہر نکالنا چاہیے ، ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ماڈل ٹاوٴن سیکریٹریٹ لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نوازشریف نے کہا کہ آپ کی آنکھوں میں صاف صاف خوشی کی لہر اور چمک دیکھ رہا ہوں اور یہ چمک کہہ رہی ہے کہ میرے پاکستان کو سنوار دو، یہ چمک کہہ رہی ہے کہ پاکستان زخمی ہے اور ہماری زندگیوں میں روشن تبدیلی آنی چاہیے، یہ چمک پاکستان کو ایک خوبصورت ملک دیکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے کارکنوں کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں مسلم لیگ(ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور ہمارا فرض ہے کہ اس ملک کو بھنور سے نکالا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی ملک کو مشکلات سے نکالا ہے، آج بھی نکالنے کا اہتمام کررہے ہیں اور ہم سب پارٹیوں اور فرد واحد کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور ان کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ اس زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے آ وٴ ہمارے ساتھ بیٹھو۔ آزاد امیدواروں کو بھی کہتاہوں آئیں ہمارے ساتھ حکومت کا حصہ بنیں، ہمارا کسی سے مقابلہ نہیں ، کسی سے موازنہ نہیں۔

اگر اکثریت ملتی تو بھی دوسری پارٹیز کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دیتے۔نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا میں نے شہباز شریف کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ اس سلسلے میں پیشرفت کریں، آ صف زرداری، مولانا فضل الرحمٰن، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کریں اور بتائیں کہ پاکستان کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم مل کر اس بھنور سے کشتی کو نکالیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے اور ہم نے یہ پہلے بھی کر کے دکھایا ہے، آپ کو معلوم ہے کہ کس نے اس ملک کے لیے کیا کیا ہوا۔انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ہم نے کس طرح پاکستان کو مالیاتی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک ہے، آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان کس طرح سے خوشحال ہوتا جا رہا تھا، ہم نے دفاعی صلاحیت کے لیے جو کردار ادا کیا وہ بھی آپ جانتے ہیں۔ نوازشریف نے کہا ہم نے پاکستان کے معاشرتی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے بھرپور کام کیا اور خدمت کی ہے، آپ جانتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کا ٹریک ریکارڈ کیا ہے، ہمیں جو مینڈیٹ ملا ہے تو ضروری ہے کہ دوسری پارٹیاں مل بیٹھ کر ایک حکومت قائم کریں اور پاکستان کو اس بھنور سے نکالیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم بار بار ملک میں انتخابات کرانے کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے سب ادارے سیاستدان، پارلیمنٹ، افواج پاکستان، عدلیہ اور میڈیا سب مل کر اپنا مثبت کردار ادا کریں، یہ صرف میری، اسحٰق ڈار اور شہباز شریف کی ذمے داری نہیں بلکہ سب کی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کا پاکستان ہے، اکیلا مسلم لیگ(ن) کا پاکستان نہیں ہے، سب کو مل کر یکجہتی کے ساتھ ملک کو مشکلات سے باہر نکالنا چاہیے، ان بچوں کے مستقبل کا سوال ہے، یہ عام بات نہیں ہے اور اس قوم کی امنگوں پر پورا اترنا چاہیے تب جا کر ہم اس بھنور سے باہر نکلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے استحکام کے کم از کم 10سال چاہئیں، جو لوگ لڑائی کے موڈ میں ہیں ہم ان سے لڑنا چاہتے اور پاکستان اس وقت کسی قسم کی لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے ہم سب کو مل جل کر بیٹھنا ہو گا اور بیٹھ کر ان معاملات کو طے کر کے پاکستان کو 21ویں صدی میں لے کر جانا ہو گا۔ان کا کہنا تھاکہ گیس کا بل ادا کرتے کوئی بوجھ محسوس نہیں ہو نا چاہیے،پیٹرول خریدتے وقت، موٹرسائیکل یا گاڑی میں پٹرول ڈلواتے کوئی بوجھ محسوس نہیں ہونا چاہیے، روشنیاں پھرلوٹ آئیں گی، بے امنی اوربیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، ن لیگ کے جیتنے والے امیدوار اب سیاست عبادت سمجھ کرکریں، عوام کے مسائل حل کریں۔ نوازشریف نے کہا چاہتے ہیں ہمارے تعلقات بھارت سمیت دیگر ہمسایہ ممالک سے بھی بہتر ہوں ۔ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کریں گے، آخر میں انہوں نے کہا سوال پوچھتا ہوں، 30 سال سے کم عمر والے ہاتھ کھڑا کریں، اکثریت ہے،یوتھ کے لیے شہباز شریف کی بڑی خدمات قابل قدر ہیں، لیپ ٹاپ خرید رہے ہیں،لیپ ٹاپ، وظیفے، اسپتالوں میں مفت دوائیاں دیں گے۔

Comments are closed.