ن لیگ اور ایم کیو ایم قیادت کا ملکر چلنے پر اصولی اتفاق

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ایم کیوایم قیادت کے درمیان مل کر چلنے پر اصولی اتفاق ہوگیا

، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیوایم میں بنیادی نکات طے پاگئے ،اتوار کے روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کی،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے محمد نوازشریف اور ایم کیوایم کی طرف سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کی قیادت کی ،ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف، مریم نواز ، اسحاق ڈار ، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، رانا مشہود بھی ملاقات میں شریک تھے جبکہ ایم کیوایم وفد میں گورنر سندھ کامران ٹسوری، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال شامل تھے ،دونوں جماعتوں کے قائدین میں مشاورت کا سلسلہ تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہا ملاقات میں صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور تجاویز کا تبادلہ ہوا

، رہنماؤں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور اب تک ہونے والے رابطوں کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا ،اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے ایم کیو ایم کے وفد کا موٴقف سنا اور حکومت سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ قومی فیصلوں میں ایم کیو ایم کو ساتھ رکھنا چاہتے ہیں، ملاقات میں حکومت سازی سے متعلق فریقین میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق پایا گیا، دونوں جماعتوں کی قیادت نے رابطے میں رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان حکومت سازی سے متعلق باضابطہ مذاکرات نہیں ہوئے، فی الحال ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا کوئی مطالبہ بھی سامنے نہیں رکھا، تاہم ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات میں گِلے شِکوے کیے، متحدہ قیادت نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی تشکیل میں ایم کیو ایم نے اپنا کردار ادا کیا تھا اور اسے تمام مطالبات کے حوالے سے یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں تاہم کچھ بھی نہ ہوسکا، ایم کیو ایم کے مطالبات برقرار ہیں۔ قبل ازیں رائے ونڈ پہنچنے پر نواز شریف اورشہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

Comments are closed.