بنگلہ دیش: ریستوران میں آتشزدگی سے 48 سے زیادہ افراد ہلاک،درجنوں زخمی

ڈھاکہ( آن لائن )بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک مہنگے علاقے میں واقع ایک سات منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھنے سے کم از کم 48 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔بنگلہ دیش کے وزیر صحت سمنتا لال سین نے ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال اور اس سے ملحقہ برن ہسپتال کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ آتشزدگی سے اب تک 43 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔بعد ازاں پولیس انسپکٹر بچو میا نے بتایا کہ ڈھاکہ کے مرکزی پولیس ہسپتال میں ایک اور شخص کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 44 ہو گئی ہے۔

وزیر صحت سین نے بتایا کہ شہر کے مرکزی برن ہسپتال میں کم از کم 40 زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سب کی حالت نازک ہے۔فائر ڈپیارٹمنٹ کے ایک عہدے دار محمد شہاب نے بتایا کہ آگ مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے کے قریب ڈھاکہ کی بیلی روڈ کے ایک مشہور بریانی ریسٹورنٹ سے شروع ہوئی، اور تیزی سے اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی، جس سے کئی لوگ عمارت میں پھنس گئے۔انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے 75 افراد کو زندہ بچا لیا۔ فائر حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ آگ ریستوران میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے لگی۔ایک فائر آفیسر نے، جس نے اپنا نام نہیں بتایا، کہا کہ میں تیزی سے اوپر کی منزل پر گیا کیونکہ عمارت کی تقریبا تمام منزلوں میں ریستوران تھے، جو پکانے کے لیے گیس کے سلنڈر استعمال کرتے ہیں۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔بیلی روڈ کی اس عمارت میں زیادہ تر ریستوراں ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کپڑوں اور موبائل فونز کی متعدد دکانیں بھی ہیں۔

Comments are closed.