تہران/اسلام آباد (آن لائن) ایران کے وزیرِ خارجہ محمد جواد عراقچی نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد ایک اہم بیان جاری کیا، جس میں وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل منیر کی خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں کو سراہا۔وزیرِ خارجہ عراقچی نے وزیرِ اعظم پاکستان کے برادرانہ اقدام کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے عزیز بھائی وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل منیر کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے خطے میں جنگ کو روکنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
عراقچی نے امریکہ کی 15 نکاتی تجویز اور صدرِ امریکہ کی ایران کی 10 نکاتی تجویز کو مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ایران پر حملے بند کر دیے جائیں تو ایرانی مسلح افواج اپنی دفاعی کارروائیاں روک دیں گی۔ عراقچی نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والی کشتیوں کی محفوظ گذرگاہ فراہم کرے گا، تاہم یہ اقدام تکنیکی حدود اور ایران کی مسلح افواج کی ہم آہنگی کے ساتھ ممکن ہو گا۔