سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج روزہ ہوگا
ریاض ( آن لائن) سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور آج پہلا روزہ ہوگا۔ مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے کے بعد پیر 11 مارچ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا ۔ادھر آسٹریلیا سمیت دنیا کے کئی ممالک کی جانب سے پہلے روزے سے متعلق اعلان کردیا گیا، دنیا بھر کے بہت سے ممالک میں آج چاند دیکھنے والی کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے
، جن میں سے آسٹریلیا کی فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان 2024ء کا آغاز 12 مارچ سے ہوگا، یہ تاریخ آسٹریلیا کی فتویٰ کونسل اور آسٹریلیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر ابراہیم ابو محمد کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد جاری کی گئی جب کہ فلپائن میں مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ملک میں10 مارچ کو چاند نظر نہیں آیا اور اس طرح مقدس مہینے کا آغاز 12 مارچ کو ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ سنگاپور کے مفتی اعظم نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہوگا کیوں کہ اتوار کی شام سورج غروب ہونے پر چاند کی پیدائش ابھی ابتدائی گھنٹوں میں تھی جس کی وجہ سے اس کا نظر آنا ممکن نہیں تھا اور وہ طے شدہ معیار پر پورا نہیں اترتا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ملائیشیا میں بھی حکومتی سطح پر اعلان کیا گیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہوگا جب کہ برونائی میں بھی رواں برس رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہو رہا ہے کیوں کہ ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر نہیں آیا، انڈونیشیا میں مذہبی امور کی وزارت نے بھی رمضان کے آغاز کی تاریخ کا اعلان 12 مارچ سے کیا ہے۔
Comments are closed.