ماسکو میں کنسرٹ ہال پرداعش کا حملہ، 62افرادہلاک،146 زخمی

ماسکو(آن لائن) روس کے دارالحکومت ماسکو کے مضافاتی علاقے میں ایک میوزک کنسرٹ میں پانچ مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کم از کم 62 افراد کو ہلاک، 146سے زیادہ کو زخمی کر دیا اور تھیٹر میں آگ لگا دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی دارالحکومت کے شمال میں کراسنوگورسک کے مضافاتی علاقے میں واقع کروکس سٹی کنسرٹ ہال میں آگ تیزی سے پھیل گئی، جہاں کئی ہزار افراد موجود تھے اور اس کنسرٹ میں بین الاقوامی فنکار بھی شریک تھے۔ایف ایس بی سکیورٹی سروس کے مطابق دہشت گرد حملے میں 62 افراد ہلاک اور 146سے زیادہ زخمی ہو گئے۔حکام دہشت گردی کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں اور صدر ولادی میر پوٹن کو مسلسل باخبر رکھا جا رہا ہے۔کنسرٹ میں موجود ایک میوزک پروڈیوسر الیکسی نے بتایا کہ اس نے مشین گن کے کئی برسٹ فائر ہونے کی آوازیں سنیں اور پھر خواتین کی چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں اور بھگدڑ مچ گئی۔ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے اختتام ہفتہ شہر میں ہونے والی تمام عوامی تقریبات منسوخ کر دی۔

سکیورٹی سروسز نے بتایا حملہ آوروں کی تعداد دو سے پانچ تک تھی۔ انہوں نے ٹیکنیکل یونیفارم پہنا ہوا تھا۔ ان کے پاس خودکار ہتھیار تھے۔ انہوں نے پہلے داخلی دروازے پر موجود محافظوں پر فائرنگ کی اور پھر لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ آگ بھڑک اٹھنے سے کمپلیکس کا تقریبا ایک تہائی حصہ جل گیا۔روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اسے ایک دہشت گرادنہ حملہ قرار دیا اور کہا کہ پوری بین الاقوامی برادری کو اس گھناونے جرم کی مذمت کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پوری بین الاقوامی برادری کو اس گھنانے جرم کی مذمت کرنی چاہیے۔امریکی ایوان صدر نے اس حملے کو خوفناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ فوری طور پر ایسی کوئی علامت موجود نہیں ہے جس سے اس واقعہ کا یوکرین کے تنازع سے تعلق ظاہر ہوتا ہو۔یوکرین کے ایوان صدر نے کہا ہے کہ اس حملے سے کیف کا کوئی تعلق نہیں ہے، جب کہ اس کی ملٹری انٹیلی جینس نے اس واقعے کو روسی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس کے پیچھے ماسکو کا ہاتھ ہے۔یورپی یونین نے کہا کہ اسے اس حملے پر دکھ اور حیرت ہے۔ جب کہ فرانس نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔اس ماہ کے اوائل میں، روس میں امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا تھا کہ شدت پسند ماسکو میں بڑے اجتماعات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس میں کنسرٹس بھی شامل ہیں۔یاد رہے2002 میں، چیچن علیحدگی پسند جنگجوں نے ماسکو کے ایک تھیٹر، ڈوبروکا میں 912 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ وہ علاقے سے روسی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کر رہے تھے۔اسپیشل فورسز نے یرغمالوں کو رہا کرانے کے لیے تھیٹر پر حملہ کیا تھا جس میں 130 افراد مارے گئے تھے۔

Comments are closed.