پی ٹی آئی کا چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب غیر آئینی،بائیکاٹ کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کی جانب سے آج منگل کو ہونے والے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ الیکشن کو عدالت میں چیلنج کرنے پر بھی تجویز زیر غور ہے،ذرائع کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہاوٴس آف فیڈریشن نامکمل ہے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کا انتخاب غیر آئینی ہے، خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کا انتخاب کئے بغیر چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آئینی اسکیم کے بھی خلاف ہے، چیئرمین کی غیر موجودگی میں سینیٹ غیر فعال ہے، سینیٹ سیکرٹریٹ انتظامی فیصلوں کے علاوہ کوئی فیصلہ نہیں لے سکتی، سیکرٹری سینیٹ دباوٴ میں آکر ازخود آئین کی تشریح نہیں کرسکتے۔ذرائع کور کمیٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے بغیر ایوان بالاء صرف ایک ڈپارٹمنٹ کی حد تک محدود ہوگیا ہے

، جمہوری دور میں پہلی بار سینیٹ غیر فعال ہوا، آئینی اسکیم کو پامال کیاگیا، سینیٹ کو غیر فعال کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف آئینی شکنی کی کارروائی ہونی چاہیئے۔ ادھر سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے نئے منتخب ہونے والے سینیٹرز کے لئے پارلیمنٹ ہاوٴس میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا، سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کی ہدایات کے مطابق کوآرڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی نے سیکر ٹری سینیٹ کی ہدایت کے مطابق نئے منتخب سینیٹرز کی رجسٹریشن کیعمل کو آسان بنانے اور معاونت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں کا عملہ نئے منتخب سینیٹرز کو معاونت فراہم کرنے میں مصروف ہے، ڈیسک شام 5 بجے تک کام کرتا رہے گا تاکہ نو منتخب سینیٹرز کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو سکے، سیکریٹری سینیٹ نے اس سلسلے میں تمام نو منتخب سینیٹرز کو مراسلہ بھی لکھاہے، ڈیسک صبح 9 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک کام کرتا رہے گا۔

Comments are closed.