برازیل کا دورہ :چیف الیکشن کمشنر کی قیادت میں وفد نے ای وی ایم کا معاہنہ کیا
اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا ای وی ایم کے معائنہ کے لیے برازیل کا دورہ کیا ، دنیا میں کئی ممالک انتخابی مراحل میں ای وی ایم کا جزوی طور پر استعمال کر رہے ہیں،ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ برازیل اور بھارت دو ایسے ممالک ہیں جہاں پر ای وی ایم کا استعمال ملکی سطح پر کیا جا رہا ہے،برازیل کا انتخابی نظام دنیا کے بہترین اور جدید ترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے ،تین روزہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت چیف الیکشن کمشنر نے کی ہے ، وفد میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان، ڈائریکٹر جنرل محمد خضر عزیز اور ڈائریکٹر ندیم زبیر شامل تھے،پاکستانی وفد نے برازیل میں الیکشن کے انتظام و انصرام کے ذمہ دار ادارے "ٹربیونل سپیرئر الیکٹورل “کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں،ٹی ایس ای کے سیکرٹری کمیونی کیشن اور ملٹی میڈیا، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سے انفرادی ملاقاتیں کی گئیں، برازیلین حکام نے پاکستانی وفد کو برازیل میں انتخابی نظام اور ای وی ایم کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی ، ملاقاتوں کے دوران انتخابی مراحل پر سماجی اعتماد کے استحکام کے اقدامات،ای وی ایم کا تعارف اور "ڈس انفارمیشن کے تدارک کے لیے خاص مشاورت” پر بات چیت کی گئی،ترجمان نے کہا کہ پاکستانی وفد کے مشاہدہ کے لیے ای وی ایم کے عملی استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا،
چیف الیکشن کمشنر اور برازیل ٹربیونل سپیرئر الیکٹورل کے صدر و برازیل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الیشاندرے دیمورائس کے مابین اہم ملاقات ہوئی،ملاقات کے دوران مختلف اہم امور بشمول ای وی ایم کے استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان ای وی ایم کے پائلٹ منصوبوں میں استعمال کے تناظر میں برازیل کے انتخابی نظام کا مزید مطالعہ جاری رکھے گا،الیکشن کمیشن کا آئی ٹی ونگ اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ مل کر کام کریں گے اور آئندہ کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے۔
Comments are closed.