امریکی ریاستوں میں ہوائی بگولوں کے باعث 5 افراد ہلاک

واشنگٹن( آن لائن) امریکی ریاستوں اوکلاہاما اور گریٹ پلینز کے کچھ حصوں میں ہوا کے بگولوں کے باعث 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ موسمیات ( این ڈبلیو ایس)کا کہنا تھا کہ ریاستوں اوکلاہوما اور گریٹ پلینز کے کچھ حصوں میں ہوا کے بگولوں نے تباہی مچا دی جس سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔اوکلاہوما کے گورنر کیون سٹٹ نے کہا کہ ریاست بھر میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سلفر میں ایک خاتون کی موت اس وقت ہوئی جب رات کے وقت طوفان آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ اب شہر کے مرکز میں ہر کاروبار تباہ ہو گیا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ رات ساڑھے دس بجے یہاں بہت زیادہ لوگ نہیں تھے۔ انہوں نے سب سے زیادہ متاثرہ کاؤنٹیوں میں سے 12 کو امداد کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے 30 دن کی ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ امداد کے لیے وفاقی حکام سے رابطے میں ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ سلفر اور میریٹا میں طوفان ای ایف 3 پانچ درجے کے این ہانسڈ فوجیٹا سکیل پر (یعنی 136 میل (218 کلومیٹر) فی گھنٹہ سے اوپر)تھا جس نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔

Comments are closed.