آسامیوں کی تخلیق کا وزیراعظم کا اختیار ختم ، کابینہ نیسفارشات منظور کرلیں

اسلام آباد (آن لائن) اہم تعیناتیوں اور آسامیوں کی تخلیق کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ان آسامیوں کی تخلیق کا وزیراعظم کا اختیار ختم کر دیا گیا ہے اور اب یہ اختیار وزرا، وزرائے مملکت، مشیروں سیکرٹریز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے ماہرین اور پروفیشنلز کی آسامیوں کی تخلیق کا اختیار ختم کرنے کی سفارشات وفاقی کابینہ کو بھجوائیں جسے وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ان سفارشات کو منظور کرلیا ۔مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں ماہرین اور پروفیشنلز تعینات کرنے کا منصوبہ ہے اور اب ان آسامیوں کی تخلیق وزارت خزانہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی مشاورت سے کی جائے گی جبکہ کنسلٹنٹس کی تعیناتیاں متعلقہ وزیر، وزیر مملکت یا مشیرکی منظوری سے ہوں گی۔

ہیڈ ہنٹنگ فرم کی خدمات صرف مسابقتی عمل کے ذریعے حاصل کی جاسکیں گی، اس سے پہلے ہیڈ ہنٹنگ فرم کی خدمات کیلئے وزیر اعظم کی منظوری ضروری تھی۔ ذرائع کے مطابق ریسرچ ایسوسی ایٹس، ینگ پروفیشنلز کی تعیناتی متعلقہ سیکرٹری کی منظوری سے ہو گی تاہم ٹیکنیکل ایڈوائزرز کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم کی منظوری ضروری ہو گی۔ تعیناتیوں کا عمل مسابقتی عمل اور اسپیشل سلیکشن بورڈ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ ہیڈ ہنٹنگ فرم کے عمل میں اسٹبلشمنٹ ڈویژن لیڈ کردار ادا کرے گی، اسٹبلشمنٹ ڈویڑن ہیڈ ہنٹنگ فرم کے لیے کامن پول قائم کرے گی۔

Comments are closed.