روس میں فوج کے اند ر اعلیٰ عہدے پر فائز ایک اور افسر کرپشن کے الزام میں گرفتا ر

ماسکو( آن لائن ) روس میں فوج کے اند ر اعلیٰ عہدے پر فائز ایک اور افسر کرپشن کے الزام میں گرفتا ر کرلیاگیا ،فوجی عدالت نے روس کے جنرل اسٹاف کے نائب سربراہ وادیم شمرین کو رشوت لینے کے شبے میں ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا،15سال قید ہوسکتی ہے 22 مئی کو عدالت نے وادیم شمرین کو 2 ماہ کے لیے حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ناقدین اور حزب اختلاف برسوں سے یہ الزام لگا رہے ہیں کہ روسی فوج کرپٹ ہے تاہم اس کے سربراہان کو شاذ و نادر ہی کسی قسم کی سنگین تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یہ معاملہ یوکرین میں جاری کارروائی میں ناکامیوں کے درمیان سامنے آیا جب ویگنر کے پیرا ملٹری سربراہ یوگینی پریگوزن نے روس کے فوجی سربراہوں، سابق وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور چیف آف جنرل سٹاف والیری گیراسیموف، پر تقریباً روزانہ کی بنیاد پر بدعنوانی کا الزام لگایا تھا۔یوگینی پریگوزن ان رہنماوٴں کو ہٹانے کے لیے بغاوت شروع کرنے کے چند ماہ بعد ہی ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔جنرل اسٹاف کے کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ وادیم شمرین کی گرفتاری روس کے بعض اعلیٰ فوجی حکام کے خلاف بظاہر کریک ڈاوٴن میں تازہ ترین ہے۔

Comments are closed.